نئے چیئرمین نادرا اسد رحمان گیلانی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا

06-16-2023

(لاہور نیوز)اسد رحمان گیلانی نے چیئرمین نادرا کے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور نادرا ہیڈکوارٹرز میں پہلے دن اپنے فرائض منصبی انجام دیے۔

چیئرمین نادرا نے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی معمول کی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں اور عوام کو نادرا خدمات اور سہولیات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے نادرا کے تمام شعبوں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ شناختی کارڈ کی پرنٹنگ کے سلسلے میں بیک لاگ کو جلد از جلد ختم کرنے کے لیے ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دفتری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ چیئرمین نادرا نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو نادرا خدمات کی فراہمی میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ یاد رہے رواں ماہ 13 جون کو طارق ملک نے بطور نادرا چیئرمین وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے دوران اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، طارق ملک کے مستعفی ہونے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے اسد رحمان گیلانی کو چیئرمین نادرا تعینات کیا گیا تھا۔