سابق وفاقی وزیر حماد اظہر بھی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے

06-16-2023

(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو بھی اینٹی کرپشن نے نشانے پر رکھ لیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی سٹیل مل کی تعمیرات میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا انکشاف ہوا ہے، اینٹی کرپشن پنجاب نے شیخوپورہ میں حماد اظہر کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ حماد اظہر کی سٹیل ملز کی تعمیر میں کمرشلائزیشن فیسوں کی مد میں سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا، بلڈنگ پلان اور نقشے کی منظوری کے بغیر سٹیل ملز غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی۔ سابق وفاقی وزیر حماد اظہر اور میونسپل کمیٹی فیروز والا کے بلڈنگ انسپکٹر حاجی محمد اقبال کو ایف آئی آر میں نامزدکیا گیا ہے، اینٹی کرپشن کی ٹیم نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر اور بلڈنگ انسپکٹر حاجی اقبال کی گرفتاری کی منصوبہ بندی کرلی۔  سٹیل ملز کی غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ڈسٹرکٹ کونسل شیخوپورہ اور میونسپل کمیٹی فیروزوالا کے دیگر ذمہ داران کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا۔