اینٹی سموگ کیس، ہائیکورٹ کا بلند وبالا عمارتوں پر درخت لگانے کا حکم

06-16-2023

(لاہور نیوز) لاہورہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک کیلئے بلند و بالا عمارتوں کی چھتوں پر درخت لگانے کیلئے ایل ڈی اے کو اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک کیلئے مفاد عامہ کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ لاہور سمیت پنجاب میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ  چھانگا مانگا میں پی ایچ اے فوری درخت لگانے کے ایم او یو پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ عدالتی معاون نے بتایا لاہور کے 64  کالجز میں پودے لگانے کے حوالے سے ڈائریکٹرکالجز سے رپورٹ طلب کی ہے، دوران سماعت ماحولیاتی کمیشن کے رکن نے بتایا کہ پہلی مرتبہ قصور میں 28 ٹینریز سیل کی گئی ہیں۔ بعدازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔