ترقیاتی کاموں میں بےضابطگیاں : 13افسران و ملازمین دوبارہ اینٹی کرپشن طلب

06-16-2023

(لاہور نیوز) ترقیاتی کاموں میں واسا افسران کی ملی بھگت سے ٹھیکیداروں کو مبینہ طور پر نوازا گیا، سکینڈل منظرعام پر آنے پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کر دیں، واسا کے 13افسران و ملازمین کو دوبارہ ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا۔

ترقیاتی کاموں کی آڑ میں ٹھیکیداروں پر سرکاری خزانے کی بارش ہونے کا ہوشربا انکشاف ہوا ہے۔ واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی واسا میں مبینہ طور پر افسران نے ٹھیکیداروں سے سازباز کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا، من پسند ٹھیکیداروں کو کنٹریکٹ دیئے گئے جبکہ ٹھیکیداروں کو کام شروع ہونے سے قبل ہی  سرکاری خزانے سے فنڈز ادا کر دیئے گئے۔ بیشتر ترقیاتی کاموں میں بوگس بل بنا کر ٹھیکیداروں کو رقوم ادا کی گئیں. اینٹی کرپشن نے واسا کے 13 افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے افسران کو ذاتی حیثیت میں 17 جون طلب کر لیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن نے ایم ڈی واسا کو مراسلہ لکھ دیا۔ مراسلے کے مطابق واسا میں ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں میں ڈپٹی ایم ڈی فنانس میاں منیر کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ایس ڈی او شوکت علی، سب انجینئر علی حیدر اور کنٹریکٹر عظمت انور کو طلب کر لیا گیا۔ اکاؤنٹ اسسٹنٹ، جونیئر کلرک شیراز اشفاق، کنٹریکٹر علیشا کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے، اکاؤنٹ اسسٹنٹ وجاہت انور، ایکسیئن فیصل خرم اور سب انجینئر نائف خالد بھی انکوائری میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس نصر اللہ طاہر، سینئر اکاؤنٹنٹ ملک آصف، مظہر اقبال کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا۔ اینٹی کرپشن نے واسا کے فوکل پرسن کو بھی تمام ریکارڈ کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔