شوبز کی دنیا بہت ظالم، جتنی شہرت دیتی اتنا سکون چھین لیتی ہے: کرن تعبیر

06-16-2023

(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کرن تعبیر نے کہا ہے کہ شوبز انڈسٹری جتنی شہرت دیتی اتنا ہی سکون چھین لیتی ہے۔

پاکستانی اداکارہ کرن تعبیر نے شوبز انڈسٹری کی تلخ حقیقتوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے اسے مصنوعی اور چاپلوسی کی دنیا قرار دے دیا۔ انسٹاگرام پر اداکارہ نے سوال جواب کے سیشن کے دوران کہا کہ شوبز انڈسٹری جتنی شہرت دیتی ہے یہ اتنا ہی سکون آپ سے چھین لیتی ہے اور انہیں اپنا سکون بہت پیارا ہے۔ اداکارہ نے لکھا کہ شوبز کی دنیا بہت مصنوعی ہوتی ہے، وہ ڈپریشن کا شکار بناتی ہے، اس لیے ابھی وہ شوبز میں آنے کے لیے تیار نہیں ہیں، ابھی وہ اپنی زندگی سکون سے گزار رہی ہیں۔ کرن تعبیر نے لکھا کہ ایسا نہیں کہہ رہی کہ اب اداکاری نہیں کروں گی لیکن ابھی سکرین پر واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔ شوبز سے متعلق رائے دینے کے سوال پر کرن تعبیر نے لکھا کہ شوبز  کی دنیا بہت ظالم ہے یہ جتنا آپ کو دیتی ہے اس سے کہیں زیادہ آپ سے چھین بھی لیتی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ شوبز میں انسان اپنے لئے خوش رہنا اور جینا بھول جاتا ہے، بس ایک دوڑ لگی رہتی ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتی، کیونکہ کسی کی کامیابی ایک ڈرامے تک محدود نہیں رہتی، ایک کے بعد دوسرے کو حاصل کرنے کی جستجو لگی رہتی ہے، جس کے لیے پھر دوسروں کی چاپلوسی بھی کرنی پڑتی ہے۔ کرن تعبیر نے لکھا کہ شوبز میں نہ چاہتے ہوئے بھی آگے بڑھنے کے لیے دوسروں کے خراب رویے کو برداشت کرنا پڑتا ہے جبکہ لابی کا حصہ بننے کے لیے بکواس اور خراب چیزوں کو بھی اپنانا پڑتا ہے، کیریئر بنانے کے لیے لوگوں کو سر، سر اور میڈم میڈم کہنا پڑتا ہے اور پھر وہ لوگ خود کو خدا سمجھ بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ شوبز میں اگر کوئی یہ سب نہیں کرسکتا تو پھر اس کے لیے صرف سائیڈ رول ہی بچتے ہیں، وہ شخص پھر ہیرو یا ہیروئن بننے کے خواب نہ دیکھے۔