مبینہ دھاندلی کیس: علی حیدر گیلانی کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

06-16-2023

(ویب ڈیسک) عدالت نے مبینہ دھاندلی کیس میں علی حیدر گیلانی سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

سینیٹ الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے متعلق کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ہوئی، جس میں جج امید علی بلوچ نے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی، پی ٹی آئی رہنما فہیم خان اور کیپٹن (ر) جمیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، جس میں عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سینیٹ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے کیس میں فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 جولائی تک ملتوی کردی۔