ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی سے نجی بینکوں کے حکام کی ملاقات، جعلی کالز کا ڈیٹا شیئر

06-16-2023

(لاہور نیوز) مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کامران خان سے 11 نجی بینکوں کے حکام کی ملاقات ہوئی جس میں پولیس ہیلپ لائن 15 پر بینکوں سے کی جانے والی جعلی کالز کا ڈیٹا شیئر کیا گیا۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے نجی بینکوں کی جانب سے 15 پر جعلی الارم کال کی نشاندہی کی تھی، بینکوں کے حکام سے گزشتہ 3 سالوں میں موصول شدہ 99.99 فیصد جعلی کالز کا ڈیٹا شیئر کیا گیا، اجلاس میں  تمام بینکوں کو15 پر جعلی کال اور فیک الارم کی شکایت کے ازالے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی کامران خان کا کہنا تھا کہ بینکوں کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ایمرجنسی 15 پر 100 سے زائد جعلی ہنگامی کالز کی جا رہی ہیں، بینک میں الارم بجتے ہی سیف سٹیز اور پولیس فوری رسپانڈ کرتی ہے جس پر خطیر رقم اور وقت ضائع ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا پہلے مرحلے میں بینکوں کو سکیورٹی سسٹم چیک کرنے اور تکنیکی مسائل دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ماہانہ بنیادوں پر بینکوں کے ساتھ جعلی کال کرنے والی برانچوں کی تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔ اجلاس میں ایم ڈی پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی کی جانب سے بینکوں کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ الارم سسٹم از سر نو مرتب کریں۔