رعایتی نرخوں پر ایل این جی کی فراہمی، پاکستان اور آذربائیجان میں معاہدہ

06-15-2023

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی صدر آذربائیجان سے ملاقات، دونوں ممالک کی قیادت نے اشتراک عمل کو نیکسٹ لیول پر لے جانے کا فیصلہ کر لیا، آذربائیجان ہر ماہ پاکستان کو رعایتی نرخوں پر ایل این جی فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے 2  روزہ دورے  کے دوران روس کے بعد آذربائیجان سے بھی پاکستان کیلئے توانائی بحران کے خاتمے کے حوالے سے ایک اور بڑی خوشخبری آ گئی، آذربائیجان سے اگلے ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے، کابینہ نے ایل این جی لانے کی منظوری دے دی ہے۔ شہباز شریف نے آذر بائیجان کے صدر کو ملاقات میں آگاہ کیا کہ وہ  گزشتہ 6 ماہ سے اس ڈیل پر کام کر رہے تھے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اس ڈیل پر باضابطہ عملدرآمد شروع ہو جائے گا، آذربائیجان کی قومی ایل این جی کمپنی ہر ماہ رعایتی قیمت پر ایک ایل این جی کارگو پاکستان بھجوائے گی۔ دونوں ممالک کا توانائی، زراعت، دفاع، سرمایہ کاری وتجارت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا، آذربائیجان پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں تعاون کرے گا، آذربائیجان پاکستان کی تیل و گیس کے شعبے میں مدد کرے گا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پی ایس او اور آذربائیجان کی کمپنی سوکار پاکستان کی توانائی ضروریات پوری  کرنے میں کردار ادا کریں گے، آذربائیجان نے پاکستان سے آنے والے چاول پر درآمدی ڈیوٹی کے استشنیٰ کے مربوط نظام کی تیاری پر اتفاق کر لیا۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ آذربائیجان پہلے ہی پاکستان سے درآمدی چاول پر امپورٹ ڈیوٹی سے استثنیٰ دے چکا ہے،ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آذربائیجان کی آذر ایئرلائن اسلام آباد اور کراچی کے لئے دو پروازیں چلائے گی۔شمسی توانائی کے شعبے میں آذربائیجان پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا، دفاع کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر بھی دونوں ممالک کی قیادت میں اتفاق کیا گیا۔