چینی قونصل جنرل کا یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کا دورہ
06-15-2023
(لاہور نیوز) چینی قونصل جنرل نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کا دورہ کیا۔ یوسی پی کے طلبہ کے لیے پانچ سکالر شپس کا اعلان کر دیا۔
پاک چین سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ کی مناسبت سے یو سی پی میں خصوصی تقریب سجائی گئی۔ سوشل سائنسز اینڈ آئی آر ڈیپارٹمنٹ نے تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا کہ پاک چین دوستی پر فخر ہے۔ پاکستان ہمارا دوست، ہمسایہ، بھائی اور پارٹنر ہے۔ دونوں ممالک نے عالمی سطح پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی۔ سی پیک پاکستان کی لائف لائن اور گیم چینجر ہے۔ چینی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کو پاک چین دوستی پسند نہیں۔ سی پیک کے حوالے سے ان کے پروپیگنڈے کو ہمیں کاؤنٹر کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم دوست ممالک کو بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے کہہ رہے ہیں۔ معاشی استحکام بہتر سیاسی استحکام سے ہی آئے گا۔ تمام جماعتوں کو مل کر ڈائیلاگ کرنا چاہیے۔ ژاؤ شیرین نے اس موقع پر یو سی پی کے طلبہ کے لیے پانچ سکالر شپس کا اعلان کیا۔ ڈین سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز ڈاکٹر خالد منظور بٹ نے تعلیمی اور ثقافتی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔