شہر میں کار اور موٹرسائیکل پارکنگ کی من مانی فیسیں وصول کی جانے لگیں

06-15-2023

(لاہور نیوز) شہر بھر کی چھوٹی بڑی پارکنگ سائٹس پر اوور چارجنگ عام ہو گئی، لاہور پارکنگ کمپنی بھی ششماہی ریونیو اہداف حاصل نہ کر سکی، نگران وزیر بلدیات ابراہیم مراد پارکنگ کمپنی میں انتظامی فیلڈ افسران پر برہم ہوگئے۔

صوبائی دارالحکومت  میں کار اور موٹرسائیکل پارکنگ سائٹس مافیا کے شکنجے میں ہیں،  یہی وجہ ہے کہ لاہور پارکنگ کمپنی ششماہی ریونیو ٹارگٹ  پورا نہیں کر سکی۔ لاہور پارکنگ کمپنی کی رپورٹ کے مطابق نادرا سنٹر پارکنگ سائٹ کا ماہانہ ریونیو 12 لاکھ روپے ہے مگر 6 لاکھ روپے کولیکشن ہوئی، چلڈرن ہسپتال پارکنگ سائٹ سے 8 لاکھ 50 ہزار کے بجائے 6 لاکھ روپے ماہانہ ریونیو اکٹھا ہو سکا، پینوراما پارکنگ سائٹ کا ماہانہ ریونیو 10 لاکھ سے کم ہوکر 4 لاکھ 80 ہزار روپے رہ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نقی مارکیٹ پارکنگ سائٹ  کا ماہانہ ریونیو 8 لاکھ روپے سے کم ہوکر 6 لاکھ روپے  پر آ گیا ہے،مجموعی طور پر پارکنگ کمپنی کے سالانہ ریونیو میں تقریباً 4 کروڑ 80 لاکھ  روپے کی کمی آئی ہے۔ لاہور پارکنگ کمپنی کی  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پارکنگ  سائٹس پر ریونیو کم ملنے کے باعث کمپنی کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے، شہر میں 12 سائٹس پر پارکنگ پلازوں کی تعمیر بھی التواء کا شکار ہے، ریگل چوک ،انارکلی ،بھاٹی گیٹ، لوئر مال، گلیکسی سینما پارکنگ سائٹس تیار نہیں  ہو سکیں۔  دوسری جانب شہر بھر کی  چھوٹی بڑی پارکنگ سائٹس پر اوور چارجنگ معمول بن گیا ہے، موٹر سائیکل ٹوکن فیس 20 روپے کے بجائے 30 روپے وصول کی جارہی ہے، کار پارکنگ فیس 30 کے بجائے 50 روپے تک وصول کی جانے لگی ہے۔ نگران  وزیر بلدیات ابراہیم  مراد نے پارکنگ کمپنی میں  انتظامی فیلڈ  افسران پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا پارکنگ کمپنی میں خورد برد ہو رہی ہے،پارکنگ مافیا کو سنجیدگی سے کنٹرول کریں۔