مون سون میں بارشی پانی کی نشاندہی کرنیوالی واسا کی سمارٹ کونز غیر فعال

06-15-2023

(لاہور نیوز) شہر میں کہاں اور کتنا بارش کا پانی جمع ہے، مون سون میں بارش کے پانی کی نشاندہی کرنے والی واسا کی سمارٹ کونز فعال نہ ہو سکیں، 30 لاکھ روپے مالیت کی یہ کونز گزشتہ سال بھی درست ریڈنگ نہیں دے سکی تھیں۔

ڈرینوں کی ڈی سلٹنگ نہ ہونے کے معاملے کے بعد  واسا کی ایک اور نااہلی سامنے آگئی، خود کار طریقہ سے بارش کے پانی کی موجودگی کی نشاندہی کرنے والی سمارٹ کونز تاحال فعال نہیں کی جا سکیں۔ واسا نے نشیبی علاقوں میں پانی کی موجودگی معلوم کرنے کیلئے 22 سمارٹ کونز خریدیں، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے 30 لاکھ روپے  میں سمارٹ کونز خریدی گئیں، سمارٹ کونز میں جدید آلات نصب کیے گئے جو پانی کی ملی میٹرز میں ریڈنگ دیتے ہیں۔ گزشتہ چار سال میں مون سون کے دوران سمارٹ کونز درست ریڈنگ نہیں دے سکیں، حالیہ بارش کے پہلے سپیل میں سمارٹ کونز ریڈنگ دینے سے قاصر رہیں، اسی وجہ سے واسا سمارٹ کونز کے ذریعے بارش کا ریکارڈ مرتب نہیں کرسکا، موجودہ صورتحال میں واسا کی بیشتر سمارٹ کونز  خراب ہیں۔