سمندری طوفان سے متعلق مزاحیہ ٹوئٹ ، اشنا شاہ تنقید کی زد میں آگئیں

06-15-2023

(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ اور حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی اشنا شاہ نے کراچی میں آنے والے سمندری طوفان بپر جوائے سے قبل ایک مزاحیہ ٹوئٹ کی جس پر صارفین اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کے آج یعنی جمعرات  کوپاکستان میں داخل ہونے کا امکان تھا جو کہ کیٹی بندر سے بھی ٹکرائے گا۔ اداکارہ نے 13 جون کی شب 2 بج کر 55 منٹ پر ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا۔ اشنا شاہ نے لکھا کہ میرا طیارہ کراچی کے لیے اڑان بھرنے والا ہے اور وہاں طوفان ہے، میں اپنے شوہر کو بتانا چاہتی ہوں کہ اللہ نہ کرے کہ اگر طیارہ تباہ ہوگیا اور میں زندہ نہ بچ سکی تو میں امید کرتی ہوں کہ میرے شوہر کو کسی دن کوئی نیا جیون ساتھی مل جائے جس سے ان کو خوشیاں نصیب ہوں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ میرے شوہر یہ جانتے ہیں کہ وہ کبھی بھی میری جیسی شاندار نہیں ہوسکتی۔ اشنا نے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ میں یہ اعلان کرنا تو نہیں چاہتی لیکن مجھے یہ لازمی کہنا ہوگا کہ یہ ایک مذاق تھا۔ البتہ مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو اشنا شاہ کا یہ مذاق کچھ زیادہ پسند نہیں آیا، لوگوں نے انہیں تنبیہ کی کہ قدرتی آفات یعنی طوفان اور زلزلے وغیرہ کو مذاق سمجھنا بالکل غلط ہے۔ واضح رہے کہ اشنا شاہ اور معروف گولفر حمزہ امین کی شادی رواں برس 26 فروری کو ہوئی تھی۔