اپٹما نے بجٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے104 ارب روپے رکھنے کا مطالبہ کر دیا

06-15-2023

(ویب ڈیسک) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے حکومت سے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن  کے  وفد نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ  سے ملاقات کی جس میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے 104 ارب روپے مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ وفد نے کہا کہ بجٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس فراہمی کے لیے 40 ارب اور مسابقتی نرخوں پر بجلی فراہمی کے لیے 64 ارب روپے مختص کیے جائیں۔ اپٹما  کے نمائندوں  کا کہنا تھا کہ بجٹ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے فنڈز مختص نہ کرنے سے بڑا نقصان ہوگا، مسابقتی نرخوں پر بجلی اور  گیس نہ ملنے سے برآمدات کم ہوں گی  جس سے ملک میں بے روزگاری بڑھے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخ جاری رکھے جائیں۔ خیال رہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری  کے لیے بجلی اور گیس کے مسابقتی نرخوں کی میعاد 30 جون کو ختم ہورہی ہے۔