ہائیکورٹ کا ہسپتالوں کے فضلے کی چوری روکنے کیلئے نظام ڈیجیٹلائز کرنے کا حکم

06-15-2023

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری و نجی ہسپتالوں سے فضلے کی چوری روکنے کے لیے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے نجی ہسپتالوں میں مریضوں کےعلاج معالجہ کی فیسیں مقرر نہ کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کی، ہیلتھ کیئرکمیشن کے سی ای او نے عدالت میں پیش ہوکرنجی ہسپتالوں کے پرائسنگ سیل سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔ سی ای او ہیلتھ کیئر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ نجی ہسپتالوں میں فیسیں مقرر کرنے کےحوالے سے میکنزم بنا لیا گیا جسے جلد نافذ کر دیا جائے گا۔  عدالت نے ہیلتھ کئیر کمیشن سے پرائسنگ سیل کے حوالے سے عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی، پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن نے پرائسنگ سیل بنانے کی یقین دہانی کرادی۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نائب صدر ڈاکٹر سلمان کاظمی بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سرکاری ونجی ہسپتالوں کےفضلے کو چوری کر کے عام مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے، فضلے کو چوری کرکے عام مارکیٹ میں فروخت کرنے سے ہیپاٹائٹس سی اور دیگر بیماریاں عام ہورہی ہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا محکمہ ماحولیات اور دیگر ادارے ذمہ داری ایک دوسرے پرڈالنے سے باز رہیں، یہ سنجیدہ نوعیت کامعاملہ ہے متعلقہ محکمے ہرصورت اقدامات اٹھائیں۔ عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ تمام ہسپتالوں کے فضلے کو فروخت کرنے سے روکنے کے لئےکمپیوٹرائزڈ نظام وضع کیا جائے، محکمہ ماحولیات ہسپتالوں کے فضلے کی چوری کی روک تھام کے لئے کمپیوٹرائزڈ نظام سے ہسپتالوں کو منسلک کرے۔