ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ: پاکستان اگلے 2 برس کون سی ٹیموں کیخلاف کھیلے گا؟

06-15-2023

(ویب ڈیسک) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے سائیکل کا آغاز کل جمعہ سے ہو گا۔

حال ہی میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 209 رنز سے شکست دیکر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ جمعہ سے برطانیہ کے شہر برمنگھم میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا نیا سائیکل شروع ہو جائے گا۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ہر ٹیم 3 ہوم اور 3 اووے سیریز کھیلے گی۔ اگلے سائیکل میں انگلینڈ سب سے زیادہ 21 ٹیسٹ میچز کھیلےگا جبکہ بھارت اور آسٹریلیا 19، 19 ٹیسٹ میچز کھیلیں گے۔ پاکستان اگلے دو سال میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 14 میچز کھیلے گا، پاکستان ہوم گراؤنڈ میں انگلینڈ سے 3، ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش سے 2، 2 ٹیسٹ کھیلے گا۔ اووے سیریز میں پاکستان کے آسٹریلیا سے تین، جنوبی افریقا اور سری لنکا سے 2، 2 ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔