موسلادھار بارش، لیسکو کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر

06-15-2023

(لاہور نیوز) رات گئے سے شروع ہونے والی بارش کے باعث لیسکو کے 90 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔

لاہور سمیت لیسکو کے مختلف ریجنز میں فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ترجمان لیسکو کا کہنا ہے کہ فیڈرز سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پرمعطل ہوئی ہے، لیسکو فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، بارش کے رکتے ہی بجلی بحالی کا کا شروع کردیا جائے گا، موسم کی خرابی کے پیش نظر لیسکو انتظامیہ کی معزز صارفین سے تعاون کی اپیل ہے۔ لیسکو ترجمان نے کہا صارفین سے درخواست ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، صارفین سے التماس ہے کہ بجلی کی تاروں،کھمبوں،ٹرانسفارمرز کے نیچے کھڑے ہونے،چھونے،سامان رکھنے اور ان پر کپڑے پھیلانے سے گریز کریں۔ ترجمان لیسکو نے مزید کہا بجلی کے کھمبوں اور تاروں کے ساتھ اپنے جانور نہ باندھیں، بجلی کی ہائی ٹینشن لائنوں سے کم از کم 10 فٹ دور رہیں، بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں۔