لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

06-15-2023

(ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔

لاہور کے علاقے گڑھی شاہو، مال روڈ، ڈیوس روڈ، فیروز پور روڈ، شالیمار، باغبانپورہ، گوالمنڈی، گلشن راوی اور سمن آباد میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ طوفانی بارش کے باعث لیسکو کے متعدد  فیڈرز ٹرپ کرنے کی وجہ سے بعض علاقوں کی بجلی بند ہو گئی، فیڈرز ٹرپ ہونے کے علاوہ دیگر تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے بھی شہریوں کو متعدد علاقوں میں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ پنجاب کے دیگر شہروں اٹک، گجرات ، گوجرانوالہ ، مریدکے ، کامونکی، شرقپور اور حافظ آباد میں بھی بادل کھل کر برسے۔ بارش کے باعث کئی سڑکوں پر گاڑیاں بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔