عید قربان کے قریب آتے ہی شہر کے مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں سج گئیں
06-14-2023
(لاہور نیوز) عید قربان کے قریب آتے ہی شہر کے مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں سج گئیں۔ شاہ پور کانجراں میں بیوپاریوں کی بڑی تعداد اپنے جانور لے کر پہنچ گئی۔
مہنگائی کے باعث اس سال جانور بھی مہنگا بکنے لگا۔ چھوٹا جانور ستر ہزار سے ڈیڑھ لاکھ جبکہ بڑا جانور 2 لاکھ سے 15 لاکھ تک فروخت کیا جا رہاہے۔ مہنگائی کے باعث شہری جانوروں کی زیادہ قیمتوں بارے شکوہ کرتے نظر آئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پچھلے سال کی نسبت جانور اس سال پچاس ہزار تک مہنگا ہوا ہے۔ شاہ پور کانجراں کے بیوپاری حکومت کی جانب سے دی گئی سہولیات پر مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا ہے حکومت طے کردہ ریٹ کے مطابق ہی جانور کے پیسے لے رہی ہے۔ جانور مہنگا ہونے کی وجہ سے منڈیوں میں شہریوں کا رش نہ ہونے کے برابر ہے ۔ جانور لینے آئے زیادہ تر شہری خالی ہاتھ واپس لوٹنے لگے۔