جسم میں کونسی علامات گردوں کے مرض کی نشاندہی کرتی ہیں؟ماہرین نے واضح کردیا

06-14-2023

(ویب ڈیسک)ماہرین نے گردوں کے مرض میں مبتلا ہونے سے جسم میں پیدا ہونیوالی نشانیوں سے آگاہ کردیا۔

تفصیلات کےمطابق  ماہرین کا کہنا ہے کہ پیشاب میں چند نمایاں تبدیلیاں گردے کے مسائل کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔ان تبدیلیوں میں جھاگ دار پیشاب، خون (hematuria)، پیشاب آنے کی اوقات میں اضافہ یا کمی اور پیشاب کی تبدیل شدہ رنگت شامل ہے۔اسی طرح گردے جسم سے فضلہ اور اضافی سیال نکالنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جب وہ صحیح طریقے سے کام نہیں کر رہے ہوتے تو سیال جمع ہونا شروع ہوجاتا ہے جس سے ہاتھوں، پیروں، ٹخنوں، چہرے یا جسم کے دیگر حصوں میں سوجن یا ورم آجاتا ہے۔ ماہرین نے مزید نشانیاں بتاتے ہوئے کہاکہ صحت مند گردے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ جب گردے کی فعالیت کم ہو جاتی ہے تو یہ ہائی بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے یا موجودہ ہائی بلڈ پریشر کو مزید خراب کر سکتا ہے۔ مزید برآں مسلسل ہائی بلڈ پریشر گردے کو مزید نقصان پہنچاتا ہے جبکہ گردے کی خرابی بھوک میں کمی یا منہ کے ذائقے میں تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے جو کہ وزن میں کمی یا صحت مند وزن کو برقرار رکھنے میں دشواری پر منتج ہوتی ہے، بعض صورتوں میں متلی اور الٹی بھی ہوسکتی ہے۔