پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بلڈ ڈونر ڈے منایا جا رہا ہے

06-14-2023

(لاہور نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خون عطیہ کرنے والوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد خون کے عطیات کی اہمیت، مسائل اور زندگی بچانے کے لیے اس کی افادیت کو اجاگر کرنا ہے۔

خون دیں، پلازما دیں، زندگی بانٹیں اور اکثر خون عطیہ کریں، یہ بلڈ ڈونرز ڈے 2023ء کا تھیم ہے۔ خون کے عطیات سے ہر سال لاکھوں انسانوں کو نئی زندگیاں ملتی ہیں، بعض خطرناک بیماریوں میں مبتلا مریضوں اور پیچیدہ سرجری میں خون کی اشد ضرورت ہوتی ہے، ایسے حالات میں کسی انسان کو خون کا عطیہ دینا اسے نئی زندگی دینے کے مترادف ہے۔ اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے مختلف اداروں کے زیر اہتمام ریلیوں سیمینارز اور بلڈ کیمپس کا  اہتمام کیا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں ہر سال 35 لاکھ خون کے عطیات اکٹھے کیے جاتے ہیں، رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دینے والے صرف 10 فیصد جبکہ ملکی آبادی کا 70 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ ضرورت مند مریضوں کو مفت خون مہیا کرنے میں  پیش پیش ہے، یہ ادارہ 96 فیصد خون بلڈ ڈونرز سے اکٹھا کرتا ہے۔ حکومت خون عطیہ کرنے کے ریکارڈ کو نادرا کے سسٹم کے ساتھ منسلک کر دے تو  اس سے نہ صرف  صحت مند خون کی فراہمی یقینی بن جائے گی  بلکہ ڈونرز کا مستند ڈیٹا بھی اکٹھا ہو جائے گا۔