پنجاب پولیس اور اخوت فاونڈیشن کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ بارے اتفاق

06-14-2023

(لاہور نیوز) چیئرمین اخوت فاونڈیشن امجد ثاقب نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی جس میں سپاہ کی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت، فلاح و بہبود کے لئے پنجاب پولیس اور اخوت فاونڈیشن کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ بارے اتفاق ہوا۔

امریکی ادارے یو ایس آئی پی (USIP) کے تحت تنظیم مساوی کی ڈائریکٹر سیوم سادات، طیبہ، خالد، ارشم باری سمیت وفد کے دیگر ارکان بھی موقع پرموجود تھے، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر انعام وحید  نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔ ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی شہربانو نے پولیس تحفظ مراکز کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔ چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے شہداء اور اہلکاروں کے بچوں کے لئے "اخوت"  جدید تعلیم و تربیت، کیپسٹی بلڈنگ کی فراہمی میں معاونت فراہم کرے گا، منشیات کا شکار ٹرانسجینڈرز کے علاج معالجے اور بحالی کے لئے پنجاب پولیس کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے  مختلف فلاحی پراجیکٹس ڈاکٹر امجد ثاقب کے اخوت اور دیگر اقدامات سے متاثر ہو کر شروع کئے گئے، پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں تربیت حاصل کرنے والی خواتین ریکروٹس کو تحفظ مراکز میں وکٹم سپورٹ افسران تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین ریکروٹس کو یو ایس آئی پی استحصال اور زیادتی کا شکار  ٹرانسجینڈرز اور متاثرہ خواتین و بچوں کی قانونی و سائیکلوجیکل مدد بارے ٹریننگ دے رہا ہے، یو ایس آئی پی متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی کے لئے خواتین وکٹم سپورٹ افسران کی تربیت اور سرٹیفکیٹس بھی دے رہا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ پولیس تحفظ مراکز معاشرے کے ستم زدہ افراد کی مدد اور بحالی کے لئے پنجاب پولیس کا پائیدار اور برانڈ ایمبیسڈر پراجیکٹ ہے، پنجاب بھر کے پولیس تحفظ مراکز میں ٹرانسجینڈرز کو ملازمت فراہم کی گئی ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ چیئرمین اخوت فاونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کو سی پی او کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا، آئی جی پنجاب نے ڈاکٹر امجد ثاقب کو سی پی او کے بلڈنگ  انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن بارے آگاہ کیا۔