وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہسپتالوں اور ہیلتھ کیئر کی سہولتوں بارے جائزہ اجلاس
06-14-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ہسپتالوں اور ہیلتھ کیئر کی سہولتوں میں بہتری کا جائزہ لیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ہسپتالوں کی سکیورٹی میں بہتری لانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی، اجلاس میں لاہورسمیت 5 شہروں میں اربن ڈسپینسریوں کی بحالی اور تعمیر ومرمت کا فیصلہ کیا گیا، محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں پرائیویٹ اینتھیزیا لوجسٹ کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کیلئے100 ایمبولینسز مہیا کردی گئی ہیں جبکہ 112 مزید دی جائیں گی، ڈیجیٹل سسٹم کے تحت دیہی اورعلاقائی ہسپتالوں میں مریضوں کی آمدورفت اورعلاج کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 119 رورل ہیلتھ سینٹرز کی سروسز میں بہتری کا ہدف جلد حاصل کر لیا جائے گا، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں تھری کلربیڈ شیٹس اور ایمرجنسی کیلئے ڈسپوزیبل بیڈ شیٹس مہیا کی گئی ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں اے سی، پنکھے، واٹر کولر فعال ہونے چاہئیں، صفائی کی صورتحال میں بہتری لائی جائے، کم آمدن والے لوگوں کی سہولت کیلئے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں انتظامی بہتری لائی جائے۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر، سیکرٹری صحت، سیکرٹری خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک تھے۔