فلمی صنعت کی ترقی اور بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،مریم اورنگزیب
06-14-2023
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلمی صنعت کی ترقی اور بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے فلم، سٹیج اور ٹی وی آرٹسٹوں نے ملاقات کی اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ اور ہیلتھ انشورنس کے لئے خطیر رقم مختص کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات سے تشکر کا اظہار کیا، فنکاروں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر اطلاعات کی کاوشوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فنکار ہماری شناخت اور قومی اثاثہ ہیں، ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی تشخص کو پروان چڑھانے میں فنکاروں کا کلیدی کردار ہے، تخلیقی سوچ کی حوصلہ افزائی معاشرے کی نمو کے لئے ناگزیر ہے، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فلم فنانس فنڈ کے لئے دو ارب اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص اور روشن شناخت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، فلمیں ملک کی ثقافت، تاریخ، اقدار، ورثہ اور سیاحت کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے فنکاروں کے مسائل حل کرنے اور سابق دور میں فنکاروں کی حق تلفیوں کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی، فنکاروں نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔