نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ

06-14-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے اچانک اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔

اپنے دورے کے دوران نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی کے لئے بہترین انتظامات کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پرنگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے ) محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں محسن نقوی کو بریفنگ دی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ پر دن رات کام جاری ہے، ڈی جی ایل ڈی اے اور ان کی ٹیم محنت سے کام کر رہے ہیں، 14 اگست کو پراجیکٹ کو 100 فیصد مکمل کرکے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا جس کے بعد لاکھوں شہری سگنل فری کوریڈور کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ کی تکمیل سے ماڈل ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹاؤن شپ، پیکو روڈ، کینال روڈ، کوٹ لکھپت اور قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے رہائشی مستفید ہوں گے اور روزانہ 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔