پرنٹرز اور پبلشرز کے واجبات عید سے پہلے ادا کر دیں، خالد پرویز

06-13-2023

(لاہور نیوز) پرنٹرزاینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن کے سرپرست خالد پرویز کا کہنا ہے کہ پرنٹرز اور پبلشرز کے واجبات عید سے پہلے ادا کر دیں۔

پرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران پنجاب حکومت کو خبردار کر دیا۔ پرنٹرز اور پبلشرز کے واجبات عید سے پہلے ادا کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔ ایسوسی ایشن کے سرپرست خالد پرویز نے کہا کہ اگر واجبات نہ دئیے گئے تو کتابیں شائع نہیں ہو سکیں گی۔ پرنٹرز اینڈ پبلشرز انڈسٹری تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔ چیئرمین مکرم عباس نقوی اور جنرل سیکرٹری مظہر مہدی نے کہا کہ11 ارب روپے کے بقایا جات ابھی تک ادا نہیں کئے گئے۔ بینکوں سے قرض اور ملز سے ادھار کاغذ لیا ہوا ہے۔ پرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ ہم احتجاج یا ہڑتال کی کال نہیں دے رہے لیکن اگر عید تک واجبات ادا نہ کیے گئے تو کوئی فیصلہ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔