کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈز سے سالانہ 1 ارب ڈالرز کی ٹرانزیکشنز ہونے کا انکشاف

06-13-2023

(ویب ڈیسک) ملک میں ڈالرز کی شدید قلت ہونے کے باوجود کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈز سے سالانہ ایک ارب ڈالرز کی ٹرانزیکشنز ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک حکام نے بتایا ہے کہ کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ سے بیرون ملک شاپنگ، ادائیگیوں کی مد میں سالانہ 1 ارب ڈالرز کی ٹرانزیکشنز ہوتی ہیں، رواں مالی سال جولائی سے مئی تک کارڈز کے ذریعے 260 ارب کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، پاکستان میں کریڈٹ، ڈیبٹ کارڈ ہولڈرز کی تعداد 4 کروڑ 90 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں صرف کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والوں کی تعداد 17 لاکھ سے زیادہ ہے۔ واضح رہے بجٹ میں فائلرز اور نان فائلرز پر کریڈٹ، ڈیبٹ یا پری پیڈ کارڈ کے ذریعے شاپنگ کرنے پر اضافی ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے، نان فائلرز کیلئے ٹیکس کی شرح 2 سے بڑھا کر 10 فیصد اور فائلرز کیلئے 1 فیصد سے بڑھا 5 فیصد کر دی ہے جس کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے منظوری بھی دے دی ہے۔