مارکیٹوں کی بندش سے متعلق تاجر برادری کے ساتھ مشاورت کی جائیگی: محسن نقوی

06-13-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے سرکٹ ہاؤس ملتان میں تاجروں اور وکلاء کے وفود نے ملاقات کی، تاجر برادری نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں کی بندش کے بارے میں تاجر برادری سے مشاورت کی جائے گی، تاجر معاشرے کا اہم حصہ ہیں، مسائل حل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں، معاشی اہداف حاصل کرنے کے لئے تاجروں کے جائز مسائل حل کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کی توسیع کے مطالبے پر غور کیا جائے گا- نگران وزیراعلیٰ نے ملتان ایئرپورٹ کے نزدیک کولڈ سٹوریج کے قیام کی تجویز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔  نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے ملتان، وہاڑی اور لودھراں کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملتان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے لئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا۔ وہاڑی اور لودھراں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے لئے 50،50 لاکھ روپے کی گرانٹ کے چیک دیئے۔  ڈسٹرکٹ بار ملتان کے صدر وحید بخاری، جنرل سیکرٹری الطاف گیلانی، وہاڑی کے صدر لیاقت سنپال، جنرل سیکرٹری نثار احمد، لودھراں کے صدر کامران خان، جنرل سیکرٹری اعجاز سہو بھی وفود میں شامل تھے۔ صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب، کمشنر، ڈپٹی کمشنر،آرپی اواور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔