ہنگامہ آرائی کیس: شاہ محمود قریشی کی 19 جون تک ضمانت منظور

06-13-2023

(ویب ڈیسک) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا کی عدالت میں شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ ترنول میں درج 9 مئی ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر رہنما پی ٹی آئی خود پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سِپرا نے وکیل علی بخاری سے سوال کیا کہ کل آپ کدھر تھے؟ جس پر وکیل علی بخاری نے بتایا کہ چیف کمشنر آفس میں درخواست کے معاملے پر مصروف تھا۔ جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کل چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر آپ کا کوئی وکیل پیش نہیں ہوا، میں نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی، 19 جون کو دیگر شریکِ ملزمان کی بھی ضمانتوں کی سماعتیں مقرر ہیں۔ وکیل علی بخاری نے کہا کہ شاہ محمود قریشی قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، کوئی مسئلہ نہیں۔ بعدازاں عدالت نے 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 19 جون تک شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی۔