نفرت اور انتہاپسندی کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا، احسن اقبال
06-13-2023
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے کہا ہے کہ نفرت اور انتہا پسندی کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا۔
پنجاب یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پانچ سال قبل ایک نوجوان نے میری جان لینے کی کوشش کی، وہ ایک نفرت کی گولی تھی جو پستول سے نکلی، نفرت انسان کو انتہاپسندی کی طرف لے جاتی ہے، پاکستان کو طویل مدت سے دہشتگردی کا سامنا ہے، دہشتگردی کے خلاف بے پناہ جانی ومالی نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا ہم نے دہشت گردی کے جلاف جنگ لڑی اور ملک میں امن بحال کیا، مسلم لیگ ن نے سابقہ دور میں ملک میں 11ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے لگائے، مسلم لیگ ن کے گزشتہ دور میں کراچی کی روشنیاں بحال ہوئیں، سی پیک کے تحت پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے بہت سے ممالک جو ہم سے پیچھے تھے ایک ایک کر کے ہم سے آگے نکل گئے ہم ایک دائرے میں سفر کرہے ہیں، آج ہم ایک دوراہے پر کھڑے ہیں ملک میں اساتذہ طلبہ اور ہرطبقے میں سنجیدگی کی ضرورت ہے۔