سابق خاتون اول کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب

06-13-2023

(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ اور سابق خاتون اول کیخلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست کی سماعت ہوئی، ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان پولیس کو مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ آئی جی اسلام آباد نے عدالتی حکم پر اپنی دستخط شدہ رپورٹ جمع کرادی، جس میں بتایا گیا ہے کہ سابق خاتون اول کیخلاف تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ درج ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ اور پنجاب میں سابق خاتون اول کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔ وکیل پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ درخواست میں اینٹی کرپشن فریق نہیں۔ مقدمات کی تفصیلات سے متعلق درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے سماعت کی۔