گرمی کی شدت بڑھتے ہی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ

06-13-2023

(لاہور نیوز) گرمی کی شدت بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے سے زائد ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق لیسکو کو800 میگا واٹ بجلی کے شارٹ فال کا سامنا ہے، لیسکو کی بجلی کی طلب 4800 میگا واٹ سے تجاوز کر گئی ہے، شارٹ فال کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں چھ گھنٹے سے زائد کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث شہری نڈھال ہو کر رہ گئے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی گھنٹوں غائب رہتی ہے، ایک گرمی سے بُرا حال ہے رہی سہی کسر لوڈ شیڈنگ نکال دیتی ہے، بل بڑھتے جارہے ہیں مگر بجلی نہیں آتی ہے۔ تاجر حضرات کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے کاروبار کو پہلے ہی بریک لگا دی ہے، لوڈشیڈنگ سے کاروبار مزید ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔