آئی جی پنجاب کیجانب سے بہترین کارکردگی کے حامل پولیس ملازمین کی حوصلہ افزائی
06-13-2023
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع میں تعینات بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نواز دیا۔
انعامات حاصل کرنے والوں میں لاہور، اٹک، بہاولنگر، چنیوٹ، ڈی جی خان، گوجرانوالہ اضلاع کے افسران و اہلکار شامل ہیں،حافظ آباد، جھنگ ، خوشاب، لودھراں، منڈی بہاؤالدین، ملتان، مظفر گڑھ، نارووال، اوکاڑہ، پاکپتن، رحیم یار خان اور راجن پور کے افسران و اہلکاروں کو بھی بہتر کارکردگی پر انعامات سے نوازا گیا۔ آئی جی پنجاب عثمان انور نے انعام حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس خدمت مراکز شہریوں کو کریکٹر سرٹیفیکیٹ، کرایہ داری اندراج ، ایف آئی آر کاپی سمیت دیگر اہم دستاویزات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، خدمت مراکز پر تعینات تمام سٹاف بھرپور محنت و لگن کے ساتھ فرائض کی انجام دہی یقینی بنائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا آنے والے شہریوں کو درکار دستاویزات کی بلا تاخیر فراہمی سے ہر ممکن ریلیف دیا جائے، شہریوں کی سہولت کیلئے ڈرائیونگ لائسنس اجراء کو آسان کردیا اس تعداد کو 6 گنا مزید بڑھائیں گے، پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ، تجدید ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر دستاویزات کے اجراء کو شہریوں کیلئے مزید آسان بنایا جائے۔