چینی کمپنی نے سیف سٹیز کے خراب کیمرے ٹھیک کرنے کی ذمہ داری اٹھا لی

06-13-2023

(ویب ڈیسک) چینی ٹیکنالوجی کمپنی (ہواوے) نے سیف سٹی پراجیکٹ لاہور کے غیر فعال کیمروں کو ٹھیک کرانے کی ذمہ داری اٹھا لی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا چینی کمپنی کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس ہوا جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کامران خان، چینی و نجی کمپنیوں کے نمائندوں اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چینی کمپنی ہواوے نے سیف سٹی پراجیکٹ لاہور کے غیر فعال کیمرے ٹھیک کرانے کی ذمہ داری اٹھائی۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی کا سامان بذریعہ کارگو شپ 21 جون کو پہنچ رہا ہے جس کے بعد فوری کام کا آغاز ہو جائے گا، کمپنی 14 اگست تک دو ہزار سی سی ٹی وی کیمرے درست کرے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سیف سٹی اتھارٹی کے مزید 500 کیمروں کو بھی دیگر ذرائع سے ٹھیک کیا جا رہا ہے، کیمروں کے فعال ہونے سے سکیورٹی مانیٹرنگ کا عمل مزید مؤثر ہو گا۔ ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ نجی کمپنی کے مطابق 14 اگست تک 6 ہزار 500 کیمرے مکمل فعال کر دیے جائیں گے، سیف سٹی کی ورکنگ میں سافٹ ویئر کے تمام مسائل حل کر لیے گئے ہیں جبکہ چہرہ شناخت کا سسٹم بھی دوبارہ فعال ہو چکا ہے۔