وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کا ایک اور سنگ میل
06-13-2023
(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، رواں برس پنجاب میں 46 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کپاس کاشت کی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری زراعت نے کپاس کی کاشت اور یوریا کی ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے رپورٹ پیش کی، چیئرمین پی اینڈ ڈی ،سیکرٹر ی زراعت، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ افسران اجلاس میں شریک تھے، چیف سیکرٹری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ دوران اجلاس وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا میں کپاس کی بوائی کا ہدف 100 فیصد حاصل کر لیا گیا ہے، محسن نقوی نے محکمہ زراعت اورفیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو سراہا اور متعلقہ حکام کو کاشتکاروں کیلئے یوریا کی مطلوبہ فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں کو یوریا کھاد کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے، یوریا کھاد کی فراہمی کیلئے ضروری فنڈز فراہم کیے جائیں گے، کپاس کے کاشتکار کے مفادات کا ہر صورت تحفظ کریں گے۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم،پنجاب حکومت کی کاوشوں اور کاشتکاروں کی محنت کی بدولت کپاس کے زیر کاشت رقبے میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، رواں برس کپاس کی بہتر فصل سے کاشتکار کو اس کی محنت کا اچھا معاوضہ ملے گا۔