سیمنٹ ،شوگراورکھاد سمیت چند اشیا کی ٹیکس سٹیمپ کے بغیر فروخت ممنوع

06-12-2023

(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت کی جانب سے ٹیکس سٹیمپ کے بغیر سیمنٹ ،شوگر، کھاد اور بیوریجز کی فروخت ممنوع قرار دے دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق اس حوالے سے فنانس بل 2023ء کے ذریعے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کی سیکشن 33 کی کلاس 23 میں ترامیم تجویز کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس میں سگریٹ پیک کے ساتھ ساتھ وہ مخصوص اشیاء بھی شامل کی جارہی ہیں جنہیں ایف بی آر نے سیکشن 40 سی کی ذیلی شق ایک کے تحت ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت مانیٹرنگ و ٹریکنگ کیلئے مخصوص کررکھا ہے۔ اس بارے میں جب ایف بی آرکے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ اس ترمیم کے ذریعے ایف بی آر نے سگریٹ کے ساتھ ساتھ فرٹیلائزر، شوگر، بیوریجز اور سیمنٹ سمیت جن شعبوں کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کو لازمی قرار دیا ہے ان شعبوں کی پیداوار اور سیلز کی مانیٹرنگ کیلئے فیصلہ کیا ہے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کیلئے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ سینئر افسر نے بتایا کہ تجویز میں کہا گیا ہے کہ سیمنٹ، بیوریجز، فرٹیلائزر اور شوگر کی بوریاں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت ٹیکس سٹیمپ کے بعد فیکٹری سے نکالی جاسکیں گی اور مارکیٹ میں سپلائی کی جاسکیں گی اور اگر سیمنٹ، بیوریجز، فرٹیلائزر اور شوگر کے بیگ بغیر ٹیکس سٹیمپ کے سپلائی کیے جاتے ہیں تو ٹرانسپورٹیشن کے دوران چیکنگ میں پکڑے جانے پر وہ سامان ضبط کرلیا جائے گا اور پکڑے جانے والے سامان پر عائد ٹیکس کی رقم کے برابر جرمانہ بھی عائد ہوگا۔