وفاقی حکومت اپنی مدت مکمل کرکے ختم ہو گی، رانا تنویر حسین
06-12-2023
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا کہنا ہے وفاقی حکومت اپنی مدت مکمل کر کے ختم ہو گی۔
ارفع ٹیکنالوجی پارک میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے زیراہتمام پنجاب ڈیٹا ریکارڈ لانچ کرنے کی تقریب ہوئی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ رانا تنویر حسین کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سابق دور حکومت میں ہر ڈیپارٹمنٹ میں کرپشن ہوئی۔ کورونا کے دوران 12 سو ارب خرچ ہوئے، مگر دو سے اڑھائی سو ارب کے علاوہ کوئی ریکارڈ نہیں۔ سابق دور میں من پسند افراد کو 3 ارب ڈالر کے قرضے دیئے گئے۔ وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ23 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں، جو باعث شرمندگی ہے۔ 30جون تک 50 ہزار بچے سکولوں میں واپس لائیں گے۔ یونیورسٹیز کی گرانٹ کو کارکردگی سے مشروط کریں گے۔ تقریب میں ڈی جی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر شاہد سرویا، چیئرمین پی ایچ ای سی ڈاکٹر شاہد منیر اور دیگر بھی موجود تھے۔