عسکری ٹاور حملہ کیس، اعجاز چودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

06-12-2023

(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کا حکم دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چودھری کو 14 روز کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا، انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے مقدمہ کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ  اعجاز چودھری  عسکری ٹاور حملہ  کیس میں ملوث ہیں، اعجاز چودھری نے کارکنان کو اکسایا اور فائرنگ بھی کی، اعجاز چودھری تھانہ گلبرگ کے مقدمہ نمبر 1271  میں نامزد ہیں۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے اعجاز چودھری کو مزید 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔