اراضی ریکارڈ سنٹر پر ضلع اور تحصیل کونسل کی فیس ادائیگی کی سہولت متعارف

06-12-2023

(لاہور نیوز) پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے لینڈ ریکارڈ سسٹم کو جدید نظام پر استوار کیا جا رہا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے عوام کو اراضی ریکارڈ کی باسہولت اور شفاف خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے۔

صارفین کو ضلع کونسل فیس کی ادائیگی کے لیے ڈسٹرکٹ کونسل آفس کے چکر اور پریشانی کے پیش نظر پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی کی جانب سے عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اراضی ریکارڈ خدمات سے متعلقہ فیس کی ادائیگی کے لیے اراضی ریکارڈ سنٹرز پر قائم بینک آف پنجاب کے کاؤنٹر پر ضلع کونسل اور تحصیل کونسل کی فیس کی ادائیگی کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جس کا چالان بھی اراضی ریکارڈ سنٹر سے ہی ملے گا۔ اس اقدام سے صارفین واجب الادا فیس کی ادائیگی کے لیے مختلف جگہوں پر جانے کے بجائے سنٹر پر قائم بینک آف پنجاب کے کاؤنٹر پر ہی ضلع کونسل اور تحصیل کونسل فیس جمع کروا سکیں گے جس سے نا صرف ٹائم کی بچت ہو گی بلکہ عوام کو دیگر پریشانیوں سے بھی نجات مل جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر کا کہنا ہے کہ صارفین کے لیے اراضی ریکارڈ خدمات کی بلاتعطل اور آسان فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں۔