اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے حوالے سے یوٹیلیٹی سٹورز کی صورتحال میں تبدیلی نہ آئی

06-12-2023

(لاہور نیوز) عام مارکیٹ کی مہنگائی کا توڑ کرنے کے لئے بنے یوٹیلیٹی سٹورز عوام کے صبر کا امتحان لینے لگے۔ اشیا کی محدود سپلائی سے صارفین دھوپ میں قطاروں میں لگنے پر مجبور ہیں۔

کم نرخ پر اشیا کا حصول عوام کا امتحان بن گیا۔ تپتی دھوپ میں بھی یوٹیلیٹی سٹورز پر صارفین کی قطاریں لگ گئیں۔ آٹا، چینی اور گھی سپلائی کم ہونے پر صارفین سٹورز کے چکر لگانے پر مجبور ہیں تاہم گھی نرخ میں کمی پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر سستا گھی نرخ میں 80 روپے کلو کمی کی تھی۔ عام صارف کو گھی 80 روپے کمی سے 410 روپے فی کلو میں بھی محدود مقدار میں مل رہا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صارف کے لئے گھی بدستور 300 روپے کلو ہے۔ آٹا 10 کلو تھیلا عام صارف کو 648 روپے میں دیا جا رہا ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ صارف کے لئے آٹا نرخ 400 روپے فی تھیلا مقرر ہے۔ بے نظیر پروگرام صارف کو چینی 70 اور عام صارف کو 91 روپے کلو مل رہی ہے۔ آٹا کی فراہمی بھی محدود ہونے پر صارفین سٹورز کے چکر لگانے پر مجبور ہے۔ اشیا کے حصول کے لئے گرمی میں بھی قطاریں لگ رہی ہیں۔عوام کہتے ہیں کہ کم نرخ اشیا کے لئے خوار ہونا پڑ رہا ہے۔ آٹا، چینی اور گھی کے ساتھ دیگر عام اشیا بھی خریدنے کی شرط ہے۔ سٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے روزانہ کی بنیاد پر جتنی سپلائی آتی ہے اشیا فراہم کر دی جاتی ہیں۔