ویزہ سکینڈل معاملہ، ملزم ثاقب رضا بخاری کی درخواست ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری

06-12-2023

(لاہور نیوز) سپیشل سنٹرل کورٹ نے ویزہ سکینڈل میں ملوث ملزم ثاقب رضا بخاری کی دس مقدمات میں درخواست ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت ملزم ثاقب رضا بخاری کی ضمانت مسترد کرتی ہے، ملزم نے معصوم لوگوں کا معاشی قتل کیا،  ملزم کے وکیل کے مطابق ایس ایچ او وقار حسن اعوان نے دو لاکھ روپے بطور رشوت مانگی، ڈی جی ایف آئی اے ایس ایچ او وقار حسن اعوان پر الزامات کی تحقیقات کریں، عدالت یہ معاملہ ڈی جی ایف آئی اے کو بھیج رہی ہے۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ ایس ایچ او کے خلاف انکوائری ڈی جی ایف آئی اے کم از کم ڈائریکٹر لیول کے افسر سے کروائیں، اگر ایس ایچ او وقار حسن اعوان قصور وار ہوا تو مقدمہ درج کروایا جائے۔ واضح رہے کہ ملزم ثاقب رضا بخاری پر پر شہریوں کو بیرون ملک بھیجنے کے نام پر کروڑوں روپے لوٹنے کا الزام ہے، سپیشل سنٹرل عدالت کے جج بخت فخر نے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔