پولیس نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے خطرناک ون ویلر عرفان کو دھر لیا

06-12-2023

(لاہور نیوز) لاہور پولیس اور سیف سٹیز اتھارٹی کا ون ویلرز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، لاری اڈا پولیس نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے خطرناک ون ویلر عرفان عرف سپیرو کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ملزم عرفان ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات میں بھی ریکارڈ یافتہ ہے، ملزم شہر کی مختلف شاہراہوں پر ون ویلنگ، اوور سپیڈنگ اور ریش ڈرائیونگ کرتا تھا، زیرحراست ملزم ون ویلنگ کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا تھا، پولیس نے سیف سٹیز کی نشاندہی پر ملزم کا تعاقب کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا۔ ایس پی ارسلان زاہد کا کہنا ہے کہ ملزم عرفان عرف سپیرو کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے سخت کریک ڈاؤن جاری ہے،  والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں،  شہری اپنے علاقہ میں ون ویلنگ کی اطلاع 15 پر دیں۔