اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان،فضائی آلودگی میں بھی کمی آگئی

06-11-2023

(لاہور نیوز) گزشتہ روز تیزآندھی اور بارش کے باعث شہر لاہور کا موسم خوشگوار ہوگیا، مطلع جزوی طور پر ابر الود ، محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

شہر لاہور میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کم سے کم درجہ حرارت28 ڈگری سنٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد وشمار کے مطابق ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم کشمیر، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور لاہور میں تیز ہواؤ ں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ گزشتہ روز بارش کے باعث فضائی آلودگی میں بھی کمی آگئی، فضائی آلودگی میں شہر لاہور تیسرے نمبر پر آگیا، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 130 ریکارڈ کیا گیا۔ جوہر ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 70 ، ڈی ایچ اے فیز فائیو کا ایئر کوالٹی انڈیکس 79 ریکارڈ ہوا ، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان کا خطرہ ہے، کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوےُ فصلوں کی آبیاری کریں۔