ماں باپ کی خدمت کے بعد اللہ سے جو مانگتا مل جاتا تھا: شعیب اختر

06-11-2023

(لاہور نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ جو چیز چاہیے ہوتی تھی پہلے ماں باپ کی خدمت کرتا تھا اس کے بعد اللہ سے وہ چیز مانگتا تھا تو فوراً مل جاتی تھی۔

دنیا کے تیز ترین باؤلر اور راولپنڈٰ ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اپنی مرحومہ والدہ کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ شعیب اختر نے کہا ماں باپ کے سامنے ایسے پر بچھے ہونے چاہئیں جیسے کٹا ہوا مرغا  پڑا ہوتا ہے، اس کی گردن پڑی ہوتی ہے، قرآن کی آیت ہے کہ اپنے ماں باپ کے ساتھ عجز کے ساتھ پیش آیا کرو اور آنکھیں نیچے کرکے بات کیا کرو۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے کبھی بھی کوئی تکلیف آئی، کوئی چیز اللہ سے مانگنی ہوتی تو میں اللہ سے براہ راست نہیں مانگتا تھا، میں پہلے اپنی ماں کی خدمت کرتا تھا، اپنے باپ کی مالش کرتا تھا، جب میرے والدین خوش ہوجاتے تھے تب اللہ سے مانگتا'۔ سابق فاسٹ باؤلر نے مزید کہا میں نے ماں باپ سے بہت مار بھی کھائی ہے، لہٰذا اگر آپ کے ماں باپ زندہ ہیں تو ان کی بھرپور خدمت کرلیں۔ واضح رہے کہ شعیب اختر کی والدہ دسمبر 2021 میں خالقِ حقیقی سے جا ملی تھیں۔