محسن نقوی کا پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا دورہ،تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ

06-11-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں ،آڈیٹوریم، سیمپل سنٹرز، لیبز،میٹنگ روم اور دیگر شعبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے پراجیکٹ پر ہونے والے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹیم کو شاباش دی، نگران وزیراعلی نے تعمیراتی سرگرمیوں کو اسی رفتار سے جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا عوامی اہمیت کے منصوبے کو جلد فنکشنل کیا جائے، منصوبے کو آپریشنل کرنے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے، فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کیلئے درکار ضروری آلات کی تنصیب کیلئے جلد اقدامات کیے جائیں، وزیراعلی کو بریف کیا گیا کہ  بلڈنگ کی سیلنگ، سینٹری اور الیکٹریسٹی کا کام تیزی سے جاری ہے، زیر تکمیل پراجیکٹ جولائی کے آخری ہفتے تک پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔ چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور اتھارٹی کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔