شہر میں ڈینگی کے خطرات منڈلانے لگے، کیسز اور لاروا میں اضافہ
06-11-2023
(لاہور نیوز) شہر میں ڈینگی کے خطرات منڈلانے لگے، ڈینگی اور لاروا برآمدگی میں اضافہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ سات روز میں شہر میں ڈینگی کے 9 مریض رپورٹ ہوئے، رواں سال اب تک صوبائی دارالحکومت میں ڈینگی کے 66 تصدیق شدہ مریض سامنے آ چکے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد منیر نے بتایا ہے کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر رواں سال اب تک 744 افراد پر ایف آئی آرز درج کروائی جا چکی ہیں، 15 افراد کو ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر گرفتار بھی کروایا گیا، 17 ہزار سے زائد افراد کو ڈینگی ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کیلئے ٹیمیں متحرک ہیں، ڈینگی ہاٹ سپاٹس پر مکمل فوکس کیا جا رہا ہے، ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر ڈینگی سپرے بھی کیا جا رہا ہے۔