وزیراعلیٰ کا حافظ آباد میں طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس، 3 ملزمان گرفتار

06-11-2023

(لاہور نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حافظ آباد میں اغوا کے بعد طالبہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حکم جاری کیا ہے کہ  متاثرہ لڑکی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مفرور ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، ملزمان قانون کے تحت سخت سزا کے حق دار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے انسپکٹرجنرل پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 3 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ  دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔