اداکار سنتوش کمار کو دنیا چھوڑے 41 سال گزر گئے

06-11-2023

(لاہور نیوز) اداکاری کمال، ڈائیلاگ شاندار، پرکشش شخصیت کے مالک اداکار سنتوش کمار کو بچھڑے 41 برس بیت گئے، رومانوی ہیرو نے کئی فلموں میں لازوال کردار نبھائے اور دو عشروں تک فلم انڈسٹری پر راج کیا۔

ماضی کے ایک جاذب نظر اور زبان و بیان سے مالا مال اداکار سنتوش کمار 25 دسمبر 1925 کو لاہور میں پیدا ہوئے، اصل نام سید موسیٰ رضا، تاہم اس دور کی روایت کے مطابق فلمی نام سنتوش کمار سے مشہور ہوئے، ہمسایہ ملک کی چند فلموں میں جلوہ گر ہونے کے بعد لاہور چلے آئے۔ 1950 میں پاکستان کی پہلی سلور جوبلی فلم دو آنسو میں بطور ہیرو ایک یادگار رول ادا کیا پھر فلم عشق لیلیٰ میں سنتوش کمار کی اداکاری نہ بھولنے والی تھی، اداکارہ نیلو کی پہلی فلم سات لاکھ میں بھی مرکزی کردار سنتوش کے حصے میں آیا۔ صبیحہ سنتوش لالی وڈ کی پہلی رومانوی جوڑی کہلائی، 1958 میں صبیحہ سے شادی کے بعد 37 فلموں میں اکٹھے جلوہ گر ہوئے، سنتوش کمار کی فلم موسیقار ہمسایہ ملک میں ریلیز ہوئی تو انہیں،’’گاڈ آن دی سکرین‘‘ کا خطاب ملا۔ شمیم آرا کے ہمراہ پاکستان کی پہلی رنگین فلم میں جلوہ گر ہونے کا اعزاز بھی انہی کے حصے میں آیا، فلم وعدہ میں زبردست ادا کاری پر نگار ایوارڈ کے حقدار بنے۔ سنتوش کے چھوٹے بھائی درپن نے بھی بے شمار فلموں میں کام کیا جبکہ ان کے چھوٹے بھائی ایس سلیمان بھی ایک کامیاب ہدایتکار کے روپ میں سامنے آئے، آج تینوں بھائی دنیا میں نہیں رہے، مگر ان کے فن کے نقوش آج بھی ان کی یاد دلاتے ہیں۔ فلمی دنیا کا یہ باکمال اور بے مثال اداکار 11 جون 1982 کو اس دار فانی سے کوچ کر گیا۔