لاہور کی گرمی سے کرکٹرز پریشان، طبیعت خراب ہونے لگی

06-11-2023

(ویب ڈیسک) لاہور کی شدید گرمی نے قومی کرکٹرز کو ٹریننگ کیمپ میں پریشان کر دیا۔

ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کے کرکٹرز کا کیمپ لاہور میں جاری ہے جس میں کھلاڑی بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کر رہے ہیں۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کا پہلا روز تھا، پہلا سیشن صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے جبکہ دوسرا ڈھائی بجے سے سہ پہر ساڑھے 4 بجے تک کیا گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ لاہور کی جھلسا دینے والی گرمی میں کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہونے لگی ہے اور کھلاڑیوں نے گرمی کی وجہ سے کیمپ کے اوقات تبدیل کرنے کی درخواست کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں نےکیمپ کو صبح اور شام کے اوقات میں کرنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو اوقات کار کی تبدیلی کے لیے مشاورت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق دوسرے روز بھی قومی کرکٹرز کی ٹریننگ دن کے اوقات میں شیڈول ہے۔