زیر تربیت سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز اور کرکٹر مشتاق احمد کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی آمد

06-10-2023

(لاہور نیوز) زیر تربیت سندھ پولیس کے ڈی ایس پیز اور لیجنڈ کرکٹر و کوچ مشتاق احمد کی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی آمد ہوئی۔

نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیرتربیت سندھ پولیس کے ڈی ایس پیزکے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر زیر تربیت افسران کو پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں جدید پولیسنگ بارے تربیت دی گئی۔ زیر تربیت افسران کے وفد کی سیف سٹی دورہ کے موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات بھی ہوئی۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو پنجاب پولیس کی ورکنگ، فیلڈ فارمیشنز، آئی ٹی اصلاحات اور دیگر جدید پراجیکٹس بارے بتایا۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی دورہ کے موقع پر پولیس افسران کو ڈیجیٹل فورانزک ایویڈنس کی قانونی اہمیت اور تفتیش کے عمل بارے تربیت دی گئی۔ افسران کو ایل ٹی ای ایڈوانس ہینڈسیٹس اور جیوگرافک انفارمیشن سسٹم بارے تربیت دی گئی۔ ڈی ایس پیز نے 15 ایمرجنسی کالز اور ان پر پولیس رسپانس کا عمل دیکھا۔ پولیس افسران کو میڈیا مینجمنٹ اور پبلک ریلیشنز بارے بھی تربیت دی گئی۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے افسران کو بتایا کہ نوجوان افسران ٹیکنالوجی کو بہترانداز میں سمجھتے ہیں جسکا فورس کو فائدہ ہو گا۔ جرائم کی بیخ کنی اور مظلوم کا سہارا بننے کیلئے سروس کو عبادت سمجھنا ہو گا۔ زیر تربیت افسران نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روایتی پولیسنگ کا دور ختم، دنیا بھر میں ماڈرن ٹیکنالوجی سے مدد لی جارہی ہے۔ اتھارٹی کا تربیتی کورس جدید طریقہ تفتیش اور جرائم کی سرکوبی میں مددگار ہو گا۔ دوسری جانب لیجنڈ کرکٹر و کوچ مشتاق احمد پنجاب سیف سٹیزا تھارٹی کے برانڈ ایمبیسڈر بن گئے۔ برانڈ ایمبیسڈر مشتاق احمد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محمد کامران خان نے مشتاق احمد کو سیف سٹی سکیورٹی انتظامات اور ورکنگ بارے بریفنگ دی۔ منیجنگ ڈائریکٹر محمد کامران خان کا کہنا تھا کہ قومی ہیرو دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ سیف سٹی عوام کی جان ومال کو محفوظ بنانے کیلئے مثالی کام کر رہا ہے۔ اس جدید سیٹ اپ کی بدولت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ممکن ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کو دنیا بھر میں متعارف کروانے میں کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر مشتاق احمد نے پولیس کمیونیکیشن افسران سے خطاب بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی میں کام کرنے والے نوجوان ملک کے اصل ہیرو ہیں۔ بعد ازاں برانڈ ایمبیسڈر مشتاق احمد کو ایم ڈی پنجاب سیف سٹیزاتھارٹی محمد کامران خان نے اعزازی شیلڈ، برانڈ ایمبیسڈر کیپ اور کٹ پیش کی۔