مہنگائی کا راج مارکیٹوں پر برقرار، قیمتوں میں اضافہ نہ رک سکا

06-10-2023

(لاہور نیوز) مہنگائی کا راج مارکیٹوں پر برقرار ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نہ رک سکا۔

مہنگائی کنٹرول نہ ہو سکی۔ کھانے پینے کی اشیا کے دام عوام کی جیبوں پر بدستور بھاری پڑنے لگے۔ برائلر سستا ہو کر بھی عوام کی قوت خرید سے باہر ہے۔ برائلر 15 روپے کمی کے بعد 633 روپے کلو مقرر ہے۔   سرکاری ریٹ لسٹ میں 12 سبزیاں مہنگی کرنے کے باوجود مزید  مہنگی فروخت کی جانے لگیں۔ ٹماٹر 7 روپے مہنگا ہو کر 35 روپے فی کلو مقرر، درجہ اول ٹماٹر کی فروخت 60 روپے فی کلو تک جاری ہے۔ ادرک کی قیمت 10 روپے بڑھا کر 735 روپے کلو کر دی، مارکیٹ میں 820 روپے فی کلو تک فروخت، سبز مرچ 4 روپے بڑھا کر 74 روپے کلو ہو گئی ،  فروخت 100 روپے فی کلو کی جا رہی ہے۔ لیموں، بینگن، کریلے، بھنڈی، پھول گوبھی اور مٹر 10 روپے فی کلو مہنگے ہوئے۔ شہری کہتے ہیں اب نہ سبزی خریدی جا سکتی ہے نہ برائلر، کچھ سبزیاں سستی ہوئی بھی ہیں تو مہنگائی پھر بھی کنٹرول نہیں ہو رہی ہے۔ پھلوں اور انڈوں سمیت موسمی سبزیوں کے دام انتظامیہ کے دعوؤں کے باوجود کنٹرول نہیں ہو سکے۔